ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز : پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دیکر دوسری کامیابی حاصل کرلی

پاکستان چیمپئنز نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 میں جنوبی افریقا چیمپئنز کو  شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

انگلینڈ میں جاری  ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں جمعہ کو  پاکستان چیمپئنز  نے جنوبی افریقا چیمپئنز کو 31 رنز سے شکست دی۔ٹاس ہارنے کے بعد پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 198 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے اوپنرز شرجیل خان نے 11 گیندوں پر 19 ، کامران اکمل 11 گیندوں پر 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کپتان محمد حفیظ صرف 8 رنز بنا سکے۔ پھر شعیب ملک اور عمر امین کے درمیان 79 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔ عمر امین نے 42 گیندوں پر 58 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ شعیب ملک 34 گیندوں پر ناقابل شکست 46 رنز بنائے۔

آصف علی نے اختتامی اوورز  میں 11 گیندوں پر 23 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں 2 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔جبکہ عامر یامین نے 4 گیندوں پر ناقابل شکست 11 رنز بنائے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ڈوان اولیویئر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کے 199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں  جنوبی افریقا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 167 رنز تک محدود رہی اور گرین شرٹس نے میچ 31 رنز سے جیت لیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے مورنے وین ویک نے 20 گیندوں پر 44 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ وین پرنیل نے 9 گیندوں پر 21 رنز بنائے، کرس مورس نے 10 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر اور محمد حفیظ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رومان رئیس، شعیب ملک، سہیل خان، وہاب ریاض اور عماد وسیم نے ایک، ایک  وکٹ حاصل کی۔31 رنز کی جیت کے ساتھ پاکستان نے ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے