13 سالہ ویبھاؤ سوریا ونشی کا راجستھان رائلز سے3کروڑ61 لاکھ کا معاہدہ

13 سالہ ویبھاو سوریا ونشی نے انڈین پریمیئر لیگ میں راجستھان رائلز کا حصہ بن کر نئی تاریخ رقم کر دی ۔ یہ نوجوان بلے باز نہ صرف آئی پی ایل میں شامل ہونے والا سب سے کم عمر کھلاڑی بن گیا ہے بلکہ اپنی غیر معمولی کارکردگی کی بنیاد پر کرکٹ کے حلقوں میں تہلکہ مچا چکا ہے۔

ویسٹ انڈین لیجنڈ برائن لارا کو اپنا آئیڈیل ماننے والے ویبھاو نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بلے بازوں کی تکنیک سے متاثر ہیں۔ ان کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے، دہلی کیپیٹلز نے بھی پیر کے روز ہونے والی نیلامی میں ان کے لیے بولی لگائی ۔ لیکن راہول ڈریوڈ کی راجستھان رائلز نے 11 ملین بھارتی روپے کی بولی لگا کر انہیں اپنی ٹیم میں شامل کر لیا۔ یہ رقم پاکستانی روپے میں تین کروڑ 61 لاکھ سے زائد بنتی ہے ۔

یہ بھی پڑھیں:چیمپئنز ٹرافی میں ہائبرڈ ماڈل آئے گا؟ ووٹنگ کا امکان

ویبھاو نے جنوری میں محض 12 سال کی عمر میں رانجی ٹرافی کے ریڈ بال فارمیٹ میں ڈیبیو کیا اور ستمبر میں انڈر 19 بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف 58 گیندوں پر شاندار سنچری بنائی۔ بہار میں ایک مقامی ٹورنامنٹ کے دوران ویبھاو نے تین سو رنز کی اننگز کھیل کر سب کی توجہ حاصل کی۔

2025 کا آئی پی ایل سیزن 14 مارچ سے شروع ہوگا، اور راجستھان رائلز کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ وہ پُر اعتماد ہیں کہ یہ کم عمر کھلاڑی ٹی 20 کے اس بڑے اسٹیج پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے