لاہور میں قیامت خیز حادثہ، خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 9افراد جانبحق
لاہور: باغبانپورہ کے علاقے بھٹہ محمد دین کالونی میں تین منزلہ خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 9 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے مکان کی چھت مٹی اور ٹی آر گارڈر سے تعمیر کی گئی تھی۔ جاں بحق افراد میں 50 سالہ شاہدہ، 22 سالہ احد علی، 12 سالہ حسنین، 60 سالہ ثمینہ، 24 سالہ کومل، 23 سالہ مجاہد، 10 سالہ فاطمہ، 8 سالہ حماد اور 7 سالہ نیلم شامل ہیں۔
حکام کے مطابق حادثے میں 6 افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ ملبے تلے مزید 2 سے 3 افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ عمارت کی دیواریں انتہائی خستہ ہونے کے باعث امدادی کارروائی انتہائی احتیاط سے کی جا رہی ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔
پولیس کے مطابق واقعہ رات تقریباً 10 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔ متاثرہ تین منزلہ عمارت میں تین خاندان رہائش پذیر تھے، جبکہ ریسکیو آپریشن 17 گھنٹوں سے مسلسل جاری ہے۔
ریسکیو آپریشن میں 70 سے زائد ریسکیورز نے بھاری مشینری، خصوصی آلات اور امدادی گاڑیوں کے ساتھ حصہ لیا۔ سول ڈیفنس کے رضاکار، محکمہ صحت کی ٹیمیں اور ستھرا پنجاب کے اہلکار بھی امدادی سرگرمیوں میں شریک رہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈی سی لاہور اور دیگر انتظامی افسران کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور جاں بحق افراد کی تجہیز و تکفین کے انتظامات یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔
احتیاطی تدابیر کے طور پر متاثرہ علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ ملحقہ خستہ حال گھروں کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے تاکہ کسی مزید حادثے سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں، جن میں شالیمار روڈ، شاداب کالونی اور کاہنہ شامل ہیں، میں بھی چھتیں گرنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جس کے بعد خستہ حال عمارتوں کی حالت پر ایک بار پھر تشویش بڑھ گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں