بیویاں شوہروں سے کم تر نہیں، سنیتا مارشل کا اہم بیان
لاہور: پاکستانی اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے معاشرے میں بعض شوہروں کے اپنی بیویوں کے ساتھ نامناسب رویے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ مردوں کو اپنی بیویوں کی عزت اور رائے کا خیال رکھنا چاہیے۔سنیتا مارشل نے کہا کہ تقریباً 98 فیصد مرد دوستوں میں بیٹھ کر اپنی بیوی کا مذاق اڑاتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ رویہ ہمارے دیسی کلچر میں زیادہ دیکھنے کو ملتا ہے، جبکہ مغربی معاشروں میں اس طرح کا رویہ عام نہیں۔اداکارہ نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر بیوی سب کے سامنے کوئی مشورہ دے تو شوہر اسی وقت اسے یہ کہہ دیتا ہے کہ اپنے مشورے اپنے پاس رکھو یا اسے بیوقوفوں والا مشورہ قرار دے دیتا ہے۔سنیتا مارشل کا کہنا تھا کہ اگر بیوی کا مشورہ شوہر کو غلط لگتا بھی ہو تو اسے سب کے سامنے تضحیک کا نشانہ بنانے کے بجائے بعد میں مناسب انداز میں سمجھایا جاسکتا ہے کہ اس کی بات درست نہیں تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں مردوں کی ذہنیت اس انداز میں بنائی جاتی ہے کہ بیویاں شوہروں سے کم تر ہیں۔ ان کے مطابق اکثر بیویاں اپنے شوہروں سے احتراماً ’’آپ‘‘ کہہ کر بات کرتی ہیں، جبکہ شوہر اپنی بیوی کو ’’تم‘‘ کہہ کر مخاطب کرتا ہے کیونکہ اسے لگتا ہے کہ بیوی اس سے چھوٹی ہے۔سنیتا مارشل نے کہا کہ بعض شوہروں کی ذہنیت یہ بن جاتی ہے کہ چونکہ بیوی ان سے چھوٹی ہے، اس لیے وہ اس کا مذاق اڑا سکتے ہیں یا اسے سب کے سامنے کمتر ثابت کرسکتے ہیں۔اداکارہ کا یہ بیان سوشل میڈیا پر خاصا وائرل ہوگیا ہے، جہاں صارفین کی بڑی تعداد سنیتا مارشل کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے اپنی آرا کا اظہار کررہی ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں