میرا دل کرتا ہے الیکشن میں کامیابی ملتی ہے تو شہباز شریف کوکہوں کہ مجھے وزیراعظم آزاد کشمیر بنادیں: نواز شریف

مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف  نے  آزاد کشمیر کا وزیر اعظم بننے کی خواہش ظاہر کردی۔

مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے کہا کہ میرا دل کرتا ہے الیکشن میں کامیابی ملتی ہے تو شہبازشریف کو کہوں کہ مجھے وزیراعظم آزاد کشمیربنا دیں۔

نواز شریف نے آزاد کشمیر کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے لیے آزاد کشمیر بھی اتنا ہی عزیز ہےجتنا پنجاب ہے، آزاد کشمیر، جی بی اور چاروں صوبوں میں ترقیاتی منصوبوں میں تفریق نہیں کی۔

نواز شریف نے کہا اگر  آزاد کمشیر میں ہماری حکومت بنی تو ہم یہاں کے سارے مسائل حل کریں گے اور  تمام مسائل دور کرکے ہی دم لیں گے، اگر آپ مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں گے تو میں ہر 3 مہینے بعد آزاد کشمیر آؤں گا اور خود لوگوں کے مسائل حل کروں گا۔

انہوں نے کہا پنجاب میں جو ترقیاتی کام ہورہا ہے اس میں شہبازشریف کا بھی بڑا کردار ہے ، مریم کو کہا جو پنجاب میں کررہی ہو ویسا ہی کام مظفرآباد آزادکشمیر میں ہوناچاہیے، آزادکشمیرالیکشن میں کامیابی پر ایک ایک منصوبہ یہاں لیکر آئیں گے، پنجاب جیسے منصوبے آزاد کشمیر میں بھی بنیں گے، آزاد کشمیر میں بھی موٹروے جیسے منصوبے بنے جائیں گے۔

قائد مسلم لیگ ن نے کہا جب میں وزیراعظم تھا تو آزاد کشمیر کا بجٹ ڈبل کردیا تھا، اگر  آزاد کشمیر میں ہماری حکومت بنی تو ہم آزاد کشمیر کا بجٹ 10 گنا بڑھائیں گے،  آپ کو معلوم ہےکہ نوازشریف جو وعدہ کرتا ہے وہ پورا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے منصوبوں کا آغاز  شہبازشریف نے کیا مریم اس کی تکمیل کررہی ہیں،  پنجاب حکومت کی طرف سے 10 گرین بسز کا تحفہ مظفر آباد کے لوگوں کودیا جائے گا، بسیں چند دنوں میں یہاں پہنچ جائیں گی، انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ گرین بسوں کا پتا ہے آپ کو ؟ وہ بجلی سے چلتی ہیں اور ایرکنڈیشنڈ ہیں۔

نواز شریف نےکہا پنجاب حکومت کی طرف سے آزاد کشمیر کے لیے 15 موبائل اسپتال بھی لے کر آ رہے ہیں، میرے بعد آنے والی حکومت نے کچھ نہیِں کیا، صرف پاکستان کو برباد کیا، ہم نے بہت وقت ضائع کیا ہے، یہ وقت لوگوں کی بہتری کے لیے استعمال ہونا چاہیے تھا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے