بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا بزدلانہ حملہ، 5 مزدور شہید
بلوچستان میں واشک کے علاقے ماشکیل میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کرکے 5 مزدور شہید کردیے۔
پولیس کے مطابق مسلح افراد نے دکان پرکام کرنے والے مزدوروں پر فائرنگ کی، فائرنگ سے جاں بحق پانچوں افراد صوبے کے باہر سے آئے ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ضروری کارروائی بعد مقتولین کی لاشیں آبائی علاقوں کو روانہ کی جارہی ہیں، واقعے کی تحقیقات کا آغازکردیاگیا۔
دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان کے بزدل دہشتگردوں نے معصوم اور نہتے مزدوروں کو نشانہ بنایا، شہید مزدوروں میں محمد بلال، محمد حسن، محمد قدیر، محسن اور بلال شامل ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کی تلاش کیلئے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے۔
اُدھر وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی شاہد رند نے کہا ہے کہ ماشکیل میں فائرنگ سے 5 افراد کے جاں بحق ہونےکا واقعہ قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیاہے، بےگناہ شہریوں کے قتل میں ملوث عناصرقانون کی گرفت سےنہیں بچ سکیں گے، حکومت متاثرہ خاندانوں کےغم میں برابر کی شریک ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں