مکہ مکرمہ، جدہ اور طائف میں حوثی حملوں کا خطرہ، سعودی سول ڈیفنس کا الرٹ جاری
سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے ملک کے مغربی حصے کے چار شہروں مکہ مکرمہ، جدہ، طائف اور ینبع میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر ہنگامی انتباہ جاری کیا، تاہم چند منٹ بعد ہی یہ الرٹ واپس لے لیے گئے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شہری دفاع نے ابتدائی طور پر متعلقہ علاقوں کے رہائشیوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ فوری طور پر قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔مکہ مکرمہ مسلمانوں کے لیے مقدس ترین شہر ہے، جبکہ جدہ بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ایک اہم شہر ہے۔ طائف اور ینبع بھی سعودی عرب کے اہم شہروں میں شمار ہوتے ہیں۔محکمہ شہری دفاع نے انتباہ واپس لینے کے بعد بھی شہریوں کو محتاط رہنے اور احتیاطی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی۔ حکام نے میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے یا ان کے خلاف کارروائی سے متعلق تصاویر اور معلومات سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع پر شیئر کرنے کے خلاف قانونی تنبیہ بھی دہرائی۔رپورٹ میں فوری طور پر ہنگامی الرٹ جاری کرنے کی وجہ واضح نہیں کی گئی، جبکہ کسی میزائل یا ڈرون کی موجودگی اور ممکنہ نقصان سے متعلق تفصیلات بھی سامنے نہیں آئیں۔ الرٹ واپس لیے جانے کے بعد ان علاقوں میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع بھی رپورٹ میں شامل نہیں ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں