لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر، ایئر کوالٹی انڈیکس 344 ریکارڈ
لاہور: موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی شہر کی فضا آلودہ ہوگئی، لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں بدستور پہلے نمبر پر آگیا، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 344 ریکارڈ کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق جی ٹی روڈ اور شاہدرہ میں فضائی آلودگی کی شرح 500 ریکارڈ کی گئی، جبکہ ڈی ایچ اے فیز 6 میں ایئر کوالٹی انڈیکس 357 اور کاہنہ نو میں 342 رہا، جس کے باعث شہریوں کو آلودہ فضا کے باعث صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر اسموگ کے تدارک کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے۔ لاہور ٹریفک پولیس نے رات گئے شہر کے مختلف مقامات پر خصوصی ناکے قائم کیے۔چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور نے کہا کہ شہر کا آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہونا تشویش ناک ہے، انسانی صحت اور عوامی تحفظ کے لیے سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔ٹریفک پولیس کے مطابق بغیر ترپال مٹی اور ریت لے جانے والی ٹرالیوں اور ڈمپرز کے لاہور میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔حکام نے مزید بتایا کہ انتہائی خطرناک حد تک دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس بھی معطل کیے جائیں گے۔ اسموگ پر قابو پانے اور فضائی آلودگی کم کرنے کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں