تبت میں 7.1 شدت کا زلزلہ، 16 افراد ہلاک، پاکستان کی مدد کی پیشکش

بیجنگ: چین کے خودمختار علاقے تبت میں شدید زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور 65 زخمی ہوگئے، جبکہ سینکڑوں مکانات منہدم ہوگئے۔ پاکستان نے اس مشکل گھڑی میں چین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پیشکش کردی ہے۔رپورٹس کے مطابق زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی۔ تبت کے شمالی شہر ناگچو میں کم از کم 339 مکانات منہدم ہوئے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبے تلے افراد دبے ہونے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔زلزلے کے بعد امدادی سرگرمیوں میں ایک ہزار 600 سے زائد کارکن حصہ لے رہے ہیں۔ متاثرین کی مدد کے لیے ایک ہزار عارضی مکانات، تقریباً 3 ہزار خیمے اور دیگر ضروری سامان متاثرہ علاقوں میں بھجوایا گیا ہے۔ امدادی سامان میں فولڈنگ بیڈز، کھانے پینے کی اشیا، ٹارچز اور سردی سے بچاؤ کے لیے گرم کپڑے بھی شامل ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ چینی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 33 منٹ پر آیا، جس کا مرکز ناگچو شہر سے 191 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا، جبکہ زمین میں اس کی گہرائی 18 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔شدید زلزلے کے بعد 4.3 اور 5.2 شدت سمیت کم از کم سات آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے جاچکے ہیں۔ حکام متاثرہ علاقوں میں صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔چینی خبر رساں ادارے کے مطابق زلزلے سے بعض علاقوں میں مواصلاتی نظام متاثر ہوا، جبکہ ریلوے حکام نے احتیاطی تدابیر کے تحت متاثرہ علاقے سے گزرنے والی ٹرینوں کی آمدورفت روک دی۔ زلزلے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی، جس کے بعد نیشنل ہائی وے 317 کا ایک حصہ بند کردیا گیا۔ اس شاہراہ پر صرف امدادی اور سرکاری گاڑیوں کو گزرنے کی اجازت ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ تین روز کے دوران زلزلے سے متاثرہ علاقے میں وقفے وقفے سے برف باری کا امکان ہے، جس سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ یہ گزشتہ پانچ سال کے دوران اس علاقے میں آنے والا سب سے شدید زلزلہ بتایا گیا ہے۔چین کے صدر شی جن پنگ نے متعلقہ حکام کو زلزلہ متاثرین کو ملبے سے نکالنے، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور امدادی کارروائیوں کو مؤثر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ناگچو شہر تبت کے دارالحکومت لہاسا سے 300 کلومیٹر سے زیادہ شمال میں واقع ہے۔پاکستان کی چین کو مدد کی پیشکشوزیراعظم شہباز شریف نے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور لوگوں کے زخمی ہونے پر چین سے دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے صدر شی جن پنگ اور چینی عوام، بالخصوص اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں اپنے چینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے