دہشت گرد جہاں بھی ہوں گے، نشانہ بنائیں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
اسلام آباد: آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں موجودہ سکیورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں، بارڈر مینجمنٹ کے اقدامات اور صوبے میں تعینات فوجی فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اہلکار خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کے لیے چوکس رہیں اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں۔آرمی چیف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اسپانسرڈ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھے گا اور ان عناصر کو جہاں کہیں بھی موجود ہوں، مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جائے گا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سکیورٹی فورسز کے شہدا اور غازیوں سمیت پاکستانی عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے انتہاپسند نظریات کو شکست دے گا۔اس سے قبل پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں