2005 کے زلزلے کا دکھ آج بھی محسوس ہوتا ہے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ 8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے کے متاثرین کا دکھ آج بھی محسوس ہوتا ہے اور اس سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد قوم کو افسردہ کر دیتی ہے۔انہوں نے 21ویں قومی یومِ استقامت کے موقع پر اپنے پیغام میں زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جاں بحق افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قیامت خیز گھڑی میں پاکستانی قوم نے ہمدردی، ایثار اور احساس کی جو مثال قائم کی، وہ ناقابلِ فراموش ہے۔مریم نواز نے کہا کہ زلزلے اور سیلاب جیسی قدرتی آفات کے دوران عوام کا اتحاد، یکجہتی، ثابت قدمی اور حوصلہ مندی قومی کردار کا قابلِ فخر حصہ ہے۔ انہوں نے ریسکیو اور امدادی کارروائیوں میں پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی خدمات کو سراہا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے زور دیا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو ہر وقت تیار رہنا چاہیے، کیونکہ بروقت تیاری اور مؤثر اقدامات کے ذریعے انسانی جان و مال اور ماحول کو آفات کے تباہ کن اثرات سے محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آنے والے سیلاب، زلزلوں اور سموگ جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے مؤثر پالیسیاں اور پائیدار اقدامات ناگزیر ہیں۔مریم نواز کے مطابق پنجاب نے تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا سامنا کیا اور اس دوران بڑے پیمانے پر ریسکیو، ریلیف اور انخلا کا آپریشن کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں لاکھوں انسانی جانوں کے ساتھ لاکھوں مویشیوں کو بھی بچایا گیا۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ عوام کو سیلاب، زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے کے لیے حکومت پنجاب کے تمام ادارے ہمہ وقت متحرک ہیں۔ جانی و مالی نقصان کم کرنے کے لیے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے