مس پریٹی انڈیا کی فاتح نِدھی تیواری 30 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں

بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ’مس پریٹی انڈیا 2024‘ کی فاتح نِدھی تیواری 30 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں، تاہم ان کی موت کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں اور پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش کے ضلع سنگرولی سے تعلق رکھنے والی نِدھی تیواری ہفتے کے روز بھوسا موڑ کے علاقے میں واقع اپنے گھر میں مردہ پائی گئیں۔ اہل خانہ انہیں فوری طور پر اسپتال لے گئے، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔پولیس نے واقعے کے حالات اور موت کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ نِدھی کی موت سے قبل پیش آنے والے واقعات بھی تفتیش کا حصہ ہیں۔رپورٹس کے مطابق نِدھی کے فیس بک پر تقریباً 9 لاکھ جبکہ انسٹاگرام پر تقریباً 7 لاکھ فالوورز تھے۔ ان کی سوشل میڈیا پوسٹس پر ہزاروں ردعمل آتے تھے جبکہ بعض ویڈیوز کو لاکھوں مرتبہ دیکھا گیا۔ سوشل میڈیا پر مقبولیت کے باعث وہ وِندھیا خطے کی نمایاں ڈیجیٹل شخصیات میں شمار ہوتی تھیں۔نِدھی نے 2024 میں ’مس پریٹی انڈیا‘ کا ٹائٹل جیتا تھا، جس کے بعد ان کی شہرت آبائی علاقے سے باہر بھی پھیل گئی۔ وہ ماڈلنگ، تقریبات اور ڈیجیٹل مواد کے ذریعے تفریحی صنعت میں کیریئر بنانے کے لیے سرگرم تھیں اور اداکاری و فلمی دنیا میں قدم رکھنے کی خواہش رکھتی تھیں۔اہل خانہ نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ نِدھی ہفتے کی شام فون پر کسی سے بات کررہی تھیں۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اس گفتگو یا کسی دوسرے واقعے کو ان کی موت کی وجہ قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔تحقیقاتی ٹیم نِدھی کے فون کال ریکارڈ، ڈیجیٹل سرگرمیوں اور دیگر شواہد کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ موت سے پہلے پیش آنے والے واقعات کی مکمل تصویر سامنے آسکے۔ موروا تھانے کے انچارج ڈاکٹر گیانیندر سنگھ کے مطابق پولیس اہل خانہ، جاننے والوں اور نِدھی سے وابستہ دیگر افراد سے بھی معلومات حاصل کررہی ہے۔نِدھی کی موت کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے فالوورز کی جانب سے افسوس اور تعزیت کا سلسلہ جاری ہے، تاہم پولیس کی تحقیقات مکمل ہونے تک موت کے محرکات سے متعلق کوئی حتمی نتیجہ سامنے نہیں آیا

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے