ہتکِ عزت کیس: مراد سعید کو احسن اقبال کو 25 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم
اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے وفاقی وزیر احسن اقبال کے دائر کردہ ہتکِ عزت مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کو 25 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ایڈیشنل سیشن جج حاکم خان نے احسن اقبال کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے قرار دیا کہ مراد سعید کی جانب سے لگائے گئے الزامات ان کی ساکھ، عزت اور وقار کو نقصان پہنچانے کا باعث بنے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مراد سعید کی جانب سے احسن اقبال پر 70 ارب روپے کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیرقانونی کمیشن کے الزامات عدالت میں ثابت نہیں ہو سکے، اس لیے یہ بیانات ہتکِ عزت کے زمرے میں آتے ہیں۔فیصلے کے مطابق اگرچہ احسن اقبال نے 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا، تاہم عدالت نے شواہد کی روشنی میں اسے زیادہ قرار دیتے ہوئے 25 لاکھ روپے ہرجانہ مقرر کیا۔عدالت نے مزید کہا کہ ان الزامات سے عوام میں احسن اقبال کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوا اور ان کی دیانت، کردار اور ساکھ متاثر ہوئی۔ فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ مراد سعید نہ خود عدالت میں پیش ہوئے اور نہ ہی اپنے الزامات کے حق میں کوئی ثبوت فراہم کر سکے۔یاد رہے کہ مراد سعید نے 2019 میں وفاقی وزیر کی حیثیت سے ایک پریس کانفرنس کے دوران ملتان۔سکھر موٹروے منصوبے میں احسن اقبال پر کرپشن کے الزامات عائد کیے تھے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں