ایشین گیمز ہاکی، پاکستان نے چین کو 3-0 سے شکست دے دی
ایشین گیمز ہاکی میں پاکستان نے چین کو 3-0 سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔پاکستان نے چین کے خلاف میچ کے دوسرے کوارٹر میں تینوں گول کیے۔ کپتان ابوبکر محمود نے 19ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک پر گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی، جبکہ سفیان خان نے 24ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے برتری 2-0 کردی۔ حنان شاہد نے 28ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے پاکستان کی برتری 3-0 کردی۔پاکستان نے اس سے قبل ایشین گیمز میں تھائی لینڈ کو 9-0 اور ازبکستان کو 5-1 سے شکست دی تھی۔ چین کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستان کے گروپ میں 9 پوائنٹس ہوگئے اور ٹیم دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ ملائیشیا بھی 9 پوائنٹس کے ساتھ بہتر گول اوسط کی بنیاد پر سرفہرست ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کے فارورڈ رانا وحید اشرف ایک میچ کی معطلی کے باعث چین کے خلاف مقابلے میں حصہ نہیں لے سکے۔ انہیں ازبکستان کے خلاف میچ میں ہاکی اسٹک سے حریف کھلاڑی کو چوٹ لگنے کے واقعے کے بعد معطلی کی سزا دی گئی تھی۔رانا وحید اشرف کی عدم موجودگی کے باوجود پاکستان نے چین کے خلاف مضبوط کھیل پیش کیا اور مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کا اگلا میچ ملائیشیا کے خلاف ہے، جو گروپ میں پہلی پوزیشن کے لیے اہم ہوگا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں