پوتن اور محمد بن سلمان کا ٹیلی فونک رابطہ

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعاون، مشرقِ وسطیٰ اور خلیج کی صورتحال سمیت علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کریملن کی پریس سروس کے مطابق صدر ولادیمیر پوتن نے سعودی ولی عہد کو آنے والے سعودی قومی دن کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایک صدی قبل سوویت یونین سعودی مملکت کو تسلیم کرنے والا پہلا غیر ملکی ملک تھا۔دونوں رہنماؤں نے سیاسی، تجارتی و اقتصادی اور انسانی شعبوں میں روس اور سعودی عرب کے درمیان موجودہ تعاون کی سطح پر باہمی اطمینان کا اظہار کیا۔ٹیلی فونک گفتگو کے دوران صدر پوتن اور شہزادہ محمد بن سلمان نے مشرقِ وسطیٰ، خصوصاً خلیج کے خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ بحران کو معمول پر لانے کے لیے تمام فریقوں کے مفادات کو مناسب طور پر مدنظر رکھتے ہوئے سیاسی اور سفارتی کوششوں کے سوا کوئی متبادل نہیں۔کریملن کے مطابق یمن میں بگڑتی ہوئی عسکری اور سیاسی صورتحال کے تناظر میں دونوں رہنماؤں نے فوری طور پر لڑائی بند کرنے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سرپرستی میں یمنی فریقوں کے درمیان تعمیری مذاکرات شروع کرنے کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے پر بھی زور دیا۔گفتگو کے دوران خطے کی بین الاقوامی آبی گزرگاہوں، بالخصوص آبنائے باب المندب اور آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی محفوظ اور بلا رکاوٹ آمدورفت کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔روسی صدر ولادیمیر پوتن اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے مختلف سطحوں پر باہمی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے