دو ماہ میں پاکستان کا بیرونی قرضہ 1.7 ارب ڈالر ہوگیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے رواں مالی سال 2026-27 کے پہلے دو ماہ، جولائی اور اگست کے دوران ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کا بیرونی قرضہ حاصل کیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 23.60 فیصد زیادہ ہے۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران پاکستان کو ایک ارب 37 کروڑ ڈالر کی بیرونی مالی معاونت ملی تھی، جبکہ رواں مالی سال کے اسی عرصے میں حاصل ہونے والا قرض 476 ارب روپے کے مساوی ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ رقم 391 ارب روپے کے برابر تھی۔اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران مختلف پراجیکٹس کے لیے 48 کروڑ 45 لاکھ ڈالر جبکہ نان پراجیکٹ امداد کی مد میں ایک ارب 21 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے۔اس دوران عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کو 59 کروڑ ڈالر سے زائد قرض فراہم کیا۔ اسلامی ترقیاتی بینک نے 19 کروڑ 12 لاکھ ڈالر، عالمی بینک نے 23 کروڑ 84 لاکھ ڈالر جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی پاکستان کو قرض فراہم کیا۔اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق جولائی اور اگست کے دوران مختلف ممالک کی جانب سے بھی پاکستان کو 3 کروڑ 52 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی گئی، جس میں جرمنی نے ایک کروڑ 28 لاکھ ڈالر اور سعودی عرب نے 89 لاکھ ڈالر دیے۔رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران چین کی جانب سے پاکستان کو کوئی مالی معاونت فراہم نہیں کی گئی۔ دوسری جانب نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی مد میں 62 کروڑ 97 لاکھ ڈالر کا قرض حاصل ہوا جبکہ غیر ملکی کمرشل بینکوں سے بھی 30 کروڑ ڈالر قرض لیا گیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے