پاکستان کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت، ریاض سے مکمل یکجہتی کا اظہار

اسلام آباد:پاکستان نے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں حوثی ملیشیا کی جانب سے شہری اور اقتصادی اہداف پر کیے گئے حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب کے شہروں ابہا، خمیس مشیط، جازان اور نجران میں شہری اور اقتصادی اہداف پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کی۔دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جو پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ پاکستان کے مطابق ایسے حملے یمن کے تنازع کے پرامن اور پائیدار حل کے لیے جاری کوششوں کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔پاکستان نے سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔پاکستان نے حملوں میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق سعودی عرب کے اس جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے کہ وہ اپنے علاقے کے دفاع، اپنے شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ اور اپنے قومی اثاثوں کو کسی بھی خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے۔پاکستان نے واضح کیا کہ وہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے حصول کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے