اسحاق ڈار کی مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے اہم ملاقاتیں
بشکیک: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے چینی ہم منصب وانگ ای سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 2026 کے اجلاس سمیت مختلف اہم امور پر گفتگو ہوئی۔دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کے آئندہ سیکرٹری جنرل کے انتخاب کے عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر بات چیت کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔اس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بیلاروس کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان اور بیلاروس کے باہمی تعلقات، خطے کی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسحاق ڈار نے تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں