پنجاب کا ای بز پورٹل اسلام آباد میں نافذ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پنجاب کے ای بز پورٹل کو اسلام آباد میں بھی نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔پنجاب حکومت اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے درمیان حکومت سے حکومت تعاون کے تحت ای بز پورٹل کے نفاذ پر اصولی اتفاق ہوگیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی منظوری کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں پنجاب کے ای بز پورٹل کو وفاقی دارالحکومت کے کاروباری سہولت مرکز میں متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر دسمبر 2026 تک اسلام آباد میں ای بز پورٹل فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پورٹل کے بروقت آغاز کے لیے پنجاب حکومت، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ملاقات میں ای بز پورٹل کے نفاذ کے لیے تیز رفتار عملی منصوبہ تیار کرنے، تکنیکی اور ادارہ جاتی ضروریات طے کرنے اور مختلف اداروں کی ذمہ داریاں تقسیم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔وزیراعظم نے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ای بز پورٹل ایک ڈیجیٹل نظام ہے جس کے ذریعے کاروبار شروع کرنے، مختلف سرکاری اجازت نامے حاصل کرنے اور متعلقہ حکومتی امور کو ایک ہی پلیٹ فارم پر لانے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔پنجاب میں اس نظام کے تجربے کو اب اسلام آباد تک توسیع دی جائے گی تاکہ کاروباری افراد کو مختلف سرکاری امور کے لیے ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر سہولت فراہم کی جاسکے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے