پاکستانی کاروبار کے لیے مفت ڈیجیٹل تربیت کا آغاز
اسلام آباد: وزارتِ آئی ٹی اور میٹا نے پاکستانی چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے سمال بزنس گروتھ اکیڈمی کا مشترکہ آغاز کردیا ہے، جس کے تحت ملک بھر کے ایک ہزار سے زائد کاروباری اداروں کو مفت ڈیجیٹل تربیت فراہم کی جائے گی۔وزارتِ آئی ٹی کے مطابق اکیڈمی کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگیا ہے، جبکہ تربیتی سیشنز ستمبر 2026 سے منعقد کیے جائیں گے۔ پروگرام کا مقصد چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کو ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹولز کے مؤثر استعمال کی تربیت فراہم کرنا ہے۔وزارتِ آئی ٹی کے مطابق خواتین کے زیرِ انتظام کاروباری اداروں اور صنعت کاروں کو پروگرام میں خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ شرکا کو فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ بزنس کے ذریعے صارفین تک رسائی بڑھانے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کاروبار کو فروغ دینے کے طریقوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔وزارتِ آئی ٹی نے بتایا کہ سمال بزنس گروتھ اکیڈمی میں شرکت کے خواہشمند کاروباری افراد آن لائن رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں