وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی سفیر کی الوداعی ملاقات

اسلام آباد: پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے اپنی سفارتی ذمہ داریوں کی تکمیل پر وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی۔وزیراعظم نے سعودی سفیر کو پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کے مزید استحکام کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔شہباز شریف نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں اور صحت و تندرستی کی دعاؤں کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت اور فراخدلانہ معاونت کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے کردار کی بھی تعریف کی۔سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اپنے سفارتی دور میں پاکستان کی جانب سے ملنے والی گرمجوشی، تعاون اور مہمان نوازی پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں اپنے قیام کو یادگار اور خوشگوار تجربہ قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے سعودی سفیر کے لیے ان کی مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے