میر رضا کی لاش سے قبل رات کی اہم فوٹیج سامنے آگئی
کراچی: قتل ہونے والے نوجوان تاجر میر رضا کی لاش ملنے سے قبل 29 جولائی کی رات کی اہم سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے، جس میں مشکوک موٹر سائیکل اور ایک شخص کی موجودگی ریکارڈ ہوئی۔تفصیلات کے مطابق رات 3 بج کر 36 منٹ پر مسجد کے باہر نصب کیمرے میں ایک مشکوک موٹر سائیکل نظر آئی۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل میر رضا کی لاش ملنے کے مقام کے قریب سروس روڈ پر چند سیکنڈ کے لیے رکی۔اس کے بعد صبح 4 بج کر 50 منٹ سے 4 بج کر 53 منٹ تک مسجد کے نیچے ایک مشکوک شخص کی موجودگی بھی کیمرے میں ریکارڈ ہوئی۔اندھیرا ہونے کے باعث ٹہلتے ہوئے مشکوک شخص کی شناخت یا شکل واضح طور پر نظر نہیں آسکی، تاہم یہ سوال برقرار ہے کہ وہ رات گئے لاش ملنے کے مقام کے قریب کیوں موجود تھا۔دوسری جانب لاش ملنے کے مقام سے چند گز کے فاصلے پر پولیس موبائل کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا ہے، جس نے واقعے کے حوالے سے مزید سوالات اٹھا دیے ہیں۔تفتیشی حکام سی سی ٹی وی فوٹیج اور مشکوک افراد و گاڑیوں کی نقل و حرکت کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ میر رضا کے قتل کے محرکات اور واقعے میں ملوث افراد تک پہنچا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں