کینسر کے دوران حنا خان کا شوہر کو دوسری شادی کا مشورہ
بھارتی اداکارہ حنا خان نے اپنی زندگی کے مشکل ترین دور سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کینسر کے علاج کے دوران انہوں نے اپنے شوہر راکی جیسوال کو دوسری شادی کرنے تک کا مشورہ دیا تھا۔حنا خان نے اپنے پوڈکاسٹ میں راکی جیسوال کے ساتھ اپنے طویل تعلق اور بیماری کے دوران پیش آنے والے حالات پر تفصیلی گفتگو کی۔ 38 سالہ اداکارہ نے بتایا کہ ان کی بیماری اور راکی کی والدہ کی علالت کے دوران ایسے کئی مشکل لمحات آئے جب انہوں نے شوہر سے کہا کہ اگر حالات معمول پر نہ آسکیں تو وہ کسی اور سے شادی کرلیں۔اداکارہ کے مطابق انہوں نے راکی کو یقین دلایا کہ اگر وہ اپنی زندگی میں کسی اور شخص کا انتخاب کرتے ہیں تو وہ ان کے فیصلے پر خوش ہوں گی۔ حنا نے کہا کہ وہ راکی سے اتنی محبت کرتی ہیں کہ ان کے لیے اپنی خوشی سے زیادہ راکی کی خوشی اہم ہے۔حنا خان نے واضح کیا کہ انہوں نے یہ بات راکی کو آزمانے یا ان کے ردعمل کو جانچنے کے لیے نہیں کہی تھی بلکہ وہ حقیقتاً چاہتی تھیں کہ اگر حالات ان کے حق میں نہ ہوں تو راکی اپنی زندگی آگے بڑھائیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہی وہ وقت تھا جب ان کے رشتے میں محبت اور وابستگی کا حقیقی امتحان ہوا، تاہم راکی نے بیماری کے مشکل سفر میں ان کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ دونوں نے اس دوران کئی سخت فیصلے مل کر کیے۔حنا نے اعتراف کیا کہ جو لوگ اس مشکل وقت میں ان کے قریب تھے، وہ جانتے ہیں کہ راکی کے تعاون کے بغیر ان کے لیے اس کٹھن مرحلے سے گزرنا شاید ممکن نہ ہوتا۔اداکارہ نے راکی جیسوال کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بیماری اور مشکلات کے پورے سفر کو اس انداز میں آسان بنا کر پیش کیا جیسے یہ سب کچھ معمولی ہو۔ ان کے مطابق راکی کی موجودگی نے انہیں مشکل حالات کا سامنا کرنے کے لیے حوصلہ دیا۔حنا خان نے اپنی اور راکی جیسوال کی شادی کو پبلسٹی اسٹنٹ قرار دینے والی قیاس آرائیوں پر بھی ردعمل دیا۔ بعض لوگوں نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں نے رئیلٹی شو ’پتی، پتنی اور پنگا‘ کی تشہیر کے لیے شادی کی، تاہم حنا نے کہا کہ انہیں لوگوں کی باتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ وہ اور راکی حقیقت جانتے ہیں۔اداکارہ نے بتایا کہ وہ اور راکی تقریباً 13 سے 14 سال سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور حقیقت میں شاید وہ اب بھی شادی نہ کرتے۔ ان کے مطابق شادی کا فیصلہ کئی ماہ پہلے ہی کر لیا گیا تھا جبکہ اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کے لیے بھی خاصی پہلے سے منصوبہ بندی درکار ہوتی ہے۔حنا خان اور راکی جیسوال کی محبت کا آغاز ڈراما ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ کے سیٹ سے ہوا تھا۔ حنا نے ڈرامے میں اکشرا کا کردار ادا کیا جبکہ راکی وہاں سپروائزنگ پروڈیوسر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ وقت کے ساتھ دونوں کی دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی اور 13 سال سے زائد عرصے تک تعلق میں رہنے کے بعد دونوں نے گزشتہ برس شادی کرلی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں