پالیسی خلاف ورزی پر گوگل نے گوگل ارتھ کا اے آئی فیچر عارضی طور پر واپس لے لیا
ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے گوگل ارتھ میں متعارف کرایا گیا نیا مصنوعی ذہانت (اے آئی) فیچر لانچ کے صرف ایک دن بعد ہی عارضی طور پر واپس لے لیا۔کمپنی کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب بعض صارفین نے اے آئی سے تیار کردہ ایسی تصاویر شیئر کرنا شروع کر دیں جو گوگل کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کرتی دکھائی دیں۔گوگل ارتھ کے پروڈکٹ مینیجر برائن ہورووٹز نے اپنے بیان میں کہا کہ صارفین گوگل ارتھ پر دنیا کا قابلِ اعتماد منظر دیکھنے کے لیے بھروسہ کرتے ہیں۔ اگرچہ جغرافیائی ماہرین اس فیچر کو کئی مفید مقاصد کے لیے استعمال کر رہے تھے، تاہم کچھ صارفین کی جانب سے پالیسی کے خلاف تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد کمپنی نے مضبوط حفاظتی اقدامات نافذ ہونے تک اس فیچر کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا۔یہ فیچر گوگل کے نینو بنانا 2 اے آئی ماڈل پر مبنی تھا، جس کی مدد سے صارف صرف تحریری ہدایت (پرامپٹ) دے کر دنیا کے کسی بھی مقام کی حقیقت سے قریب تر تصاویر تیار کر سکتے تھے۔ یہ تصاویر گوگل ارتھ میں موجود سیٹلائٹ، فضائی اور تھری ڈی ڈیٹا کی بنیاد پر تیار کی جاتی تھیں۔گوگل کا کہنا ہے کہ اے آئی سے تیار کی گئی تمام تصاویر پر واضح واٹرمارک موجود تھا تاکہ انہیں اصل تصاویر سے الگ پہچانا جا سکے، جبکہ یہ تصاویر عام گوگل ارتھ استعمال کرنے والے دیگر صارفین کو دکھائی نہیں دیتی تھیں۔کمپنی کے مطابق فیچر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے نئے حفاظتی اقدامات پر کام جاری ہے، جس کے بعد اسے دوبارہ متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں