کوہلی کا اعلان، 2027 ورلڈ کپ آخری ہوگا
بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ 2027 میں ہونے والا ون ڈے ورلڈ کپ بھارت کی جانب سے ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا، جس میں وہ قومی ٹیم کی کامیابی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے پُرعزم ہیں۔37 سالہ ویرات کوہلی اس وقت صرف ون ڈے فارمیٹ میں بھارت کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وہ ٹی20 انٹرنیشنل اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔ویرات کوہلی نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں 14 ہزار 941 رنز بنائے ہیں اور وہ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں سچن ٹنڈولکر کے 18 ہزار 426 رنز کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔ وہ ون ڈے کرکٹ میں 54 سنچریوں کے ساتھ سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹر بھی ہیں۔کوہلی نے کہا کہ ان کے لیے 2027 کا ورلڈ کپ خصوصی اہمیت رکھتا ہے اور یہی بات انہیں مزید محنت کی تحریک دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ جیتنا مقصد ہے اور اس کے لیے جو کچھ کرنا پڑا، وہ اس کے لیے تیار ہیں۔2027 کا ون ڈے ورلڈ کپ اکتوبر اور نومبر میں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا اور یہ کوہلی کا پانچواں ایک روزہ ورلڈ کپ ہوگا۔کوہلی نے 2011 میں بھارت کی میزبانی میں ہونے والا ورلڈ کپ جیتا تھا، جبکہ 2023 کے ورلڈ کپ فائنل میں بھارت کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔انہوں نے 50 اوورز کے ورلڈ کپ کو کرکٹ کے مشکل ترین چیلنجز میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فارمیٹ میں تقریباً 10 میچز تک مسلسل شدت برقرار رکھنا بڑا چیلنج ہے، خصوصاً جب ٹورنامنٹ غیر ملکی حالات میں کھیلا جائے۔دوسری جانب سابق بھارتی کپتان روہت شرما نے بھی 2027 ورلڈ کپ مہم میں شرکت کے حوالے سے اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ کوہلی اور روہت شرما دونوں کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے بھارتی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں