مارک زکربرگ کا دعویٰ، اے آئی ملازمتیں ختم نہیں بلکہ نئے روزگار پیدا کرے گی

کیلیفورنیا: مصنوعی ذہانت (AI) کے مستقبل اور اس کے ممکنہ اثرات پر جاری عالمی بحث کے دوران میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے اس تاثر کو مسترد کر دیا ہے کہ اے آئی کے باعث بڑے پیمانے پر روزگار ختم ہو جائے گا۔

ایک امریکی اخبار کے لیے لکھے گئے مضمون میں مارک زکربرگ نے کہا کہ اے آئی کا مستقبل صرف ٹیکنالوجی پر نہیں بلکہ اس بات پر منحصر ہے کہ اس کا اختیار کس کے پاس ہوتا ہے۔ ان کے مطابق جدید اے آئی تک رسائی حکومتوں یا چند بڑی کمپنیوں تک محدود ہونے کے بجائے زیادہ سے زیادہ عام لوگوں کو ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر عوام کو اے آئی کے استعمال کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تو اس سے نئے کاروبار وجود میں آئیں گے، نئی مہارتیں فروغ پائیں گی اور روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

زکربرگ نے اس خیال پر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ بعض اے آئی ماہرین ایک طرف اس ٹیکنالوجی پر کام جاری رکھتے ہیں اور دوسری جانب خبردار کرتے ہیں کہ یہ کروڑوں ملازمتیں ختم کر دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی واقعی اسے اتنا خطرناک سمجھتا ہے تو پھر اس کی ترقی پر بھرپور کام جاری رکھنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

میٹا کے سربراہ کے مطابق مصنوعی ذہانت انسانوں کا متبادل نہیں بلکہ ایک طاقتور معاون ثابت ہو سکتی ہے، جو لوگوں کو نئی مہارتیں سیکھنے، اپنی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور بہتر معاشی مواقع حاصل کرنے میں مدد دے گی۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہر بڑی انقلابی ٹیکنالوجی نے ابتدائی خدشات کے باوجود معاشروں میں ترقی، جدت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے، اور اے آئی بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ثابت ہو سکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے