عاصم افتخار احمد کی انتونیو گوٹیرس سے الوداعی ملاقات
نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے الوداعی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے اقوام متحدہ اور اس کے امن و ترقی کے ایجنڈے کے لیے پاکستان کے قائدانہ کردار اور بھرپور حمایت کو سراہا۔انتونیو گوٹیرس نے بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے موجودہ رکن کی حیثیت سے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں اور مختلف معاملات میں اس کی شراکت کو بھی سراہا۔سیکرٹری جنرل نے سفیر عاصم افتخار احمد کو پاکستان کے سیکرٹری خارجہ کے طور پر تعیناتی پر مبارکباد دی اور نئی ذمہ داری کے لیے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دوسری جانب سفیر عاصم افتخار احمد نے اپنے دورِ نمائندگی کے دوران سیکرٹری جنرل اور ان کی ٹیم کی جانب سے ملنے والی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔سفیر عاصم افتخار احمد نے انتونیو گوٹیرس کی قیادت کو سراہتے ہوئے کثیرالجہتی نظام، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے لیے ان کی اصولی وکالت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں