سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کمی، ایف بی آر کا عملدرآمد کا حکم
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمام فیلڈ فارمیشنز کو سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی کے حکومتی فیصلے پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کردی۔ایف بی آر کی جانب سے متعلقہ فیلڈ فارمیشنز کو جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی فوری طور پر نافذ کی جائے گی۔ ایندھن میں کمی کا یہ اقدام 3 ماہ کے لیے ہوگا۔مراسلے کے مطابق آپریشنل گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔ ضروری خدمات انجام دینے والی گاڑیوں اور ایف بی آر کی آپریشنل گاڑیوں کو بھی ایندھن میں کمی کے فیصلے سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ایف بی آر نے واضح کیا کہ مستثنیٰ اداروں کی انتظامی اور غیر آپریشنل گاڑیوں پر ایندھن میں کمی کا فیصلہ لاگو ہوگا، جبکہ استثنیٰ صرف ضروری خدمات اور آپریشنل نوعیت کی گاڑیوں تک محدود رہے گا۔مراسلے میں متعلقہ حکام کو آپریشنل گاڑیوں کے ایندھن کے بجٹ کی ضروریات سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایف بی آر نے تمام فیلڈ فارمیشنز کو حکومتی فیصلے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں