پی ٹی آئی لانگ مارچ: اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک میں سیکیورٹی سخت
اسلام آباد: پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک میں سیکیورٹی تیاریاں تیز کردی گئی ہیں، جبکہ تینوں شہروں میں اضافی نفری کی تعیناتی اور اہم شاہراہوں پر کنٹینرز اسٹینڈ بائی رکھنے کا سلسلہ جاری ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 22 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کرنے کی تیاری کی گئی ہے۔ شہر کی سیکیورٹی کی نگرانی 8 ڈی آئی جیز، 10 ایس ایس پیز اور 40 ایس پیز کریں گے، جبکہ 58 ڈی ایس پیز اور 246 انسپکٹرز بھی مختلف سیکٹرز اور سب سیکٹرز میں تعینات پولیس فورس کی نگرانی کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جڑواں شہر راولپنڈی میں 13 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا کو پنجاب سے ملانے والے اہم ضلع اٹک میں 30 ہزار اہلکار تعینات کرنے کی تیاری کی گئی ہے۔پنجاب کے مختلف اضلاع سے اضافی پولیس نفری اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک منتقل ہونا شروع ہوگئی ہے۔ ممکنہ آمدورفت روکنے کے لیے راولپنڈی میں کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ بھی جاری ہے۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی پولیس کو 350 کنٹینرز تحویل میں لینے کا ہدف دیا گیا ہے، جبکہ جڑواں شہروں کی اہم شاہراہوں کے اطراف بھی کنٹینرز اسٹینڈ بائی رکھے گئے ہیں۔اسلام آباد میں اضافی پولیس نفری کی رہائش کے لیے 100 سے زائد عمارتوں کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے۔ اضافی فورس کو اسپورٹس کمپلیکس، پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر اور مختلف تعلیمی اداروں میں ٹھہرانے کا انتظام کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اضافی نفری کی رہائش کے لیے یہی طریقہ کار راولپنڈی اور اٹک میں بھی اختیار کیا جائے گا، جبکہ اضافی فورس کی رہائش سے متعلق رپورٹ حکام کو پیش کردی گئی ہے۔ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر راولپنڈی پولیس کے اہلکاروں کی چھٹیاں بھی پہلے ہی منسوخ کردی گئی تھیں، جبکہ سیکیورٹی انتظامات کے تحت تینوں شہروں میں اضافی نفری کی تعیناتی اور اہم مقامات کی نگرانی کا عمل جاری ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں