وزیراعظم کا برآمدات بڑھانے کیلئے مزید شعبوں کو عالمی منڈیوں میں لانے کا حکم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی معاشی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے بڑے اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم کی زیرصدارت ملکی برآمدات بڑھانے اور معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں برآمدات میں اضافے کو معاشی ترقی کی بنیاد بنانے پر زور دیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ مزید شعبوں اور صنعتوں کو بھی عالمی منڈیوں میں برآمدی سرگرمیوں کے لیے تیار کیا جائے تاکہ تجارت کو متنوع بنایا جاسکے۔انہوں نے پاکستانی مصنوعات کا معیار عالمی تقاضوں کے مطابق بنانے، کوالٹی اشورنس کا نظام مؤثر کرنے اور بین الاقوامی معیار و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے برآمدات میں ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی قدر اور مسابقتی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے برآمدی صنعتوں میں جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کے فروغ کی بھی ہدایت کی۔شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے برآمد کنندگان کو درپیش انتظامی اور کاروباری رکاوٹیں دور کرنے اور برآمدی عمل کو مزید آسان، تیز اور شفاف بنانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس کو برآمدات کے فروغ کے لیے منظور شدہ اسٹرٹیجک روڈ میپ پر عملدرآمد کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ نئی عالمی منڈیوں تک رسائی، برآمدی شعبوں میں تنوع، مصنوعات کے معیار میں بہتری اور کاروباری سہولت کاری سے متعلق مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پاکستانی برآمدی شعبوں کی عالمی سطح پر مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ عالمی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانے کے لیے متعدد دوست ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹس اور رعایتی نرخوں پر تجارت کے معاہدوں کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ پاکستانی ہارٹیکلچرل مصنوعات کو بھی برآمدی شعبے میں شامل کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستانی سرجیکل اور میڈیکل آلات کی برآمدات بڑھانے کے لیے بین الاقوامی ہسپتالوں کے ٹینڈرز اور پروکیورمنٹ میں پاکستانی ایکسپورٹرز کی شرکت کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔بریفنگ کے مطابق عالمی کمپنیوں کو پاکستانی مصنوعات سے روشناس کرانے کے لیے ٹیکسپو (TEXPO)، ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ منرلز شو، فوڈ اینڈ ایگریکلچر (FoodAg) سمیت مختلف شعبوں سے متعلق نمائشیں ملک کے مختلف شہروں میں منعقد کی جارہی ہیں۔علاوہ ازیں برآمدات میں جدت کو فروغ دینے کے لیے انٹیلیکچوئل پراپرٹی قوانین کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر بھی کام جاری ہے۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی تنظیم نو کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور ای ڈی ایف کی جانب سے کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال خان، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ اور محمد اورنگزیب نے شرکت کی۔ مشیر وزیراعظم ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے