ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ، 17 ستمبر تک مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور شہری سیلاب کا خدشہ

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہفتے کے روز ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جبکہ یہ موسمی نظام 14 ستمبر کو مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر میں 12 سے 17 ستمبر تک بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک اور کہیں کہیں ژالہ باری کا امکان ہے۔ مظفرآباد، نیلم ویلی، راولاکوٹ، پونچھ، باغ، کوٹلی اور میرپور سمیت مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بھی 12 سے 17 ستمبر تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان اور دیگر علاقوں میں 14 سے 17 ستمبر تک بارش متوقع ہے۔خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران بارش، گرج چمک اور کہیں کہیں ژالہ باری کا امکان ہے۔ پشاور، چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، بنوں اور وزیرستان میں بارش متوقع ہے۔گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی 12 سے 17 ستمبر تک بارش جبکہ کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم 13 سے 16 ستمبر کے دوران بارش ہوسکتی ہے۔ کراچی، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، میرپورخاص، تھرپارکر، ٹھٹھہ اور بدین میں بارش متوقع ہے۔بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں 13 سے 16 ستمبر کے دوران بارش ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 14 سے 17 ستمبر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، سوات، لاہور، فیصل آباد اور دیگر علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔شدید بارشوں کے باعث دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کشمیر، مری اور گلیات کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔موسمی صورتحال کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کسانوں کو بھی موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فصلوں سے متعلق سرگرمیاں ترتیب دینے کا مشورہ دیا ہے۔تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے