لاہور ہائیکورٹ، 18 سال سے کم عمر کی شادی چائلڈ میرج قرار

لاہور ہائیکورٹ نے کم عمری کی شادی سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ 18 سال سے کم عمر میں شادی چائلڈ میرج کے زمرے میں آتی ہے، جبکہ کم عمر بچی کے ساتھ رضامندی کے باوجود ازدواجی زندگی گزارنا چائلڈ ابیوز تصور ہوگا۔جسٹس منور اقبال دوگل نے 11 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ کم عمر لڑکی کی رضامندی اسے کسی بالغ شخص کے ساتھ رہنے کا قانونی حق نہیں دیتی۔ فیصلے کے مطابق چائلڈ میرج کے نتیجے میں کم عمر لڑکی کے ساتھ ازدواجی تعلق قائم کرنے پر 5 سے 7 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے، جبکہ چائلڈ ابیوز کے جرم پر کم از کم 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا جاسکتا ہے۔فیصلے میں کہا گیا کہ حنا اسلم کی عمر نکاح کے وقت تقریباً 15 سال اور 2 ماہ تھی، جبکہ نادرا ریکارڈ کے مطابق اس کی تاریخ پیدائش یکم مارچ 2011 ہے۔ عدالت نے حنا اسلم کو مبینہ شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔لاہور ہائیکورٹ نے کم عمر لڑکی کو چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی محفوظ تحویل میں رکھنے کا حکم دیا اور والدین یا مبینہ شوہر کو بچی کی براہ راست تحویل دینے سے بھی گریز کیا۔عدالت نے ہدایت کی کہ بچی کی والدین یا مبینہ شوہر سے ملاقات صرف نگرانی میں کرائی جائے۔ فیصلے میں واضح کیا گیا کہ پولیس کم عمری کی شادی کے الزام کی تحقیقات سے انکار نہیں کرسکتی، جبکہ اغوا کے مقدمے سے مختلف جرم سامنے آنے کی صورت میں الگ ایف آئی آر بھی درج کی جاسکتی ہے۔عدالت نے کم عمری کی شادی اور جعلی نکاح نامے کے الزامات کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے جسٹس آف پیس قصور کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے تھانہ بی ڈویژن قصور کے ایس ایچ او کو قانون کے مطابق مقدمہ درج کرنے کی ہدایت بھی کی۔فیصلے میں واضح کیا گیا کہ ایف آئی آر کا اندراج کسی شخص کو قصوروار قرار دینے کے مترادف نہیں، جبکہ حنا اسلم کی مستقل تحویل سے متعلق فیصلہ گارڈین جج لاہور کرے گا۔عدالت نے قرار دیا کہ بچے کی مرضی اہم ہے، تاہم اس کی فلاح و بہبود سب سے مقدم ہے۔ فیصلے میں پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس قانون نے کم عمری کی شادی سے متعلق قانونی صورتحال میں تبدیلی کی ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے