فیشن شو میں متھیرا اور صاحبہ گر گئیںریمپ واک کی ویڈیو وائرل
کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات متھیرا اور صاحبہ ایک فیشن شو کے دوران ریمپ واک میں پیش آنے والے غیر متوقع واقعے کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔حال ہی میں منعقدہ فیشن ایونٹ میں متعدد اداکاراؤں اور ماڈلز نے معروف ڈیزائنرز کے ملبوسات کی نمائش کے لیے ریمپ واک کی۔ تاہم تقریب کے دوران متھیرا اور صاحبہ کی واک کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں۔وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریمپ پر چلتے ہوئے دونوں فنکاراؤں کو توازن برقرار رکھنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ بعض مواقع پر وہ لڑکھڑاتی بھی دکھائی دیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ صرف متھیرا اور صاحبہ ہی نہیں بلکہ دیگر شرکا بھی واک کے دوران توازن کھوتے نظر آئے، جس کے بعد ریمپ کے معیار اور انتظامات پر سوالات اٹھنے لگے۔کئی صارفین کا کہنا تھا کہ ریمپ کی سطح ہموار نہیں تھی اور ممکنہ تکنیکی خرابی کے باعث شرکا کو مشکلات پیش آئیں۔ ان کے مطابق اگر ریمپ میں کوئی مسئلہ موجود تھا تو منتظمین کو شو کے آغاز سے قبل اسے دور کرنا چاہیے تھا۔دوسری جانب بعض صارفین نے فنکاراؤں کی ریمپ واک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ ورانہ ریمپ واک کے لیے باقاعدہ تربیت ضروری ہوتی ہے اور اداکاری و ماڈلنگ الگ الگ شعبے ہیں، اس لیے ہر اداکار ریمپ واک میں یکساں مہارت نہیں رکھتا۔سوشل میڈیا پر اس واقعے سے متعلق بحث کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک طرف کچھ صارفین ناقص انتظامات کو اس واقعے کی وجہ قرار دے رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب متعدد افراد کا مؤقف ہے کہ اگر ریمپ میں واقعی خرابی تھی تو کسی بھی شخص کے لیے توازن برقرار رکھنا مشکل ہو سکتا تھا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں