سہولت کاری ختم ہوتے ہی انصاف ہوتا نظر آئےگا، طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اداروں کے اندر سے سہولت کاری ختم ہوتے ہی انصاف ہوتا نظر آئے گا۔

اپنے ویڈیو بیان میں طلال چوہدری نے کہا کہ آج کل پھر پی ٹی آئی کی جانب سے بڑا شور مچایا جارہا ہے کہ ہمارے ساتھ 9 مئی کے کیسز میں بڑی ناانصافی ہوئی ہے، ناانصافی آپ کے ساتھ نہیں ہوئی، آپ نے 9 مئی کو ظلم کیا ہے اور اس کے بعد آپ اس کو ایک انقلاب اور کامیاب بغاوت کا اعلان کرکے اپنی فتح کا اعلان کرتے رہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی 77سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سیاسی جماعت نے انتشاری جماعت بن کے یہ سب کچھ کیا ہے، کون اس بات کو رد کرسکتا ہے کہ 9مئی پی ٹی آئی نے نہیں کیا یا 9مئی کے سرغنہ بانی پی ٹی آئی نہیں ہیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ 9مئی پورے صلاح، مشورے اور منصوبہ بندی سے ہوا ہے اور یہ منصوبہ بندی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سربراہی میں ہوئی، اعلان کیا گیا کہ جو احتجاج میں شرکت کرے گا اسی کو الیکشن میں ٹکٹ ملے گا اور اسی کو پی ٹی آئی میں نوازہ جائے گا، اس احتجاج کے لیے مقررہ اہداف دیے گئے۔

’یہ مقررہ اہداف دفاعی تنصیبات تھیں، کوئی ایک جگہ نہیں تھی، درجنوں جگہوں پر ایک ہی وقت میں حملہ کیا گیا، اس کے لیے پوری منصوبہ بندی کی گئی، جگہوں کی نشاندہی کی گئی ، کیا تقریر کرنی ہے اور کیا مسیج دینا ہے، اس کا بھی فیصلہ کیا گیا۔‘

وزیر مملکت داخلہ  کا کہنا تھا کہ 9مئی کو مقررہ جگہوں پر نہ صرف جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کی گئی بلکہ شہدا کے مجسموں کی بھی تذلیل کی گئی، دشمن کے ساتھ جنگ کے دوران بھی اگر کوئی سپاہی شہید ہوجائے تو دشمن اس کے جسد خاکی کو بڑی عزت و احترام سے لوٹاتا ہے، دشمن بھی وہ کام نہیں کرتا جو پی ٹی آئی نے کیا۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ نظام کے اندر جو آپ کی سہولتکاری اور کمزوریاں ہیں، ان کو آپ نے استعمال کیا، 9مئی کے کیسز میں آپ پیش نہیں ہوئے اور اگر پیش ہوئے بھی تو آپ نے کوشش کی آپ کو اسٹے مل جائے یا یہ دوسری چیزوں کے پیچھے چھپ کر ان کیسز کو لٹکایا جائے، پی ٹی آئی نے ان کیسز میں کوئی تعاون نہیں کیا، بلکہ کوشش کی کہ وہ قانون کا مذاق اڑائیں اور کہیں کہ وہ قانون سے بالاتر ہیں۔

وزیر مملکت داخلہ  نے کہا کہ ان مقدمات کی تحقیقات ہوئیں، کیسز عدالتوں میں لگے اور آپ کی اداروں کے اندر سے سہولتکاری ختم ہوئی تو انصاف ہوتا ہوا نظر آنے لگا، اس بات سے کون انکاری ہے کہ 9مئی پی ٹی آئی کے لوگوں نے کیا، اس کی سب سے بڑی گواہی پی ٹی آئی کے لوگوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے