’ہاں، بھارتی معیشت مردہ ہے‘، ٹرمپ کا بیان اور راہول گاندھی کی حمایت

امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی معیشت کو مردہ قرار دیتے ہوئے اس پر 25 فیصد ٹیرف کے ساتھ ساتھ روس کے ساتھ تعلقات پر جرمانہ بھی عائد کردیا۔ اس پوری صورتحال پر ایک طرف بھارتی تجزیہ کاروں نے سخت مایوسی کا اظہار کیا تو دوسری طرف اپوزیشن رہنماؤں نے اِسے حکومت کی ناکام خارجہ اور معاشی پالیسی سے تعبیر کیا اور اِس معاملے کو پارلیمنٹ میں اُٹھانے کا عندیہ بھی دیا۔

اس پوری صورتحال پر بھارتی میڈیا نے جب اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی سے رائے جاننا چاہی تو انہوں نے توقف کیے بغیر ڈونلڈ ٹرمپ کی رائے کو ٹھیک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے سچ کہا ہے، بھارتی معیشت مردہ ہے اور اگر یہ بات کسی کو نہیں معلوم تو وہ ملک کے وزیراعظم اور وزیر خزانہ ہیں۔

راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ صدر ٹرمپ نے ایک حقیقت کو بیان کیا ہے۔ راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی صرف صنعتکار گوتم اڈانی کے مفادات کے لیے کام کرتے ہیں۔

 راہول گاندھی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم مودی صرف ایک شخص کے لیے کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھارت کے سامنے اصل مسئلہ یہ ہے کہ حکومت نے ہماری معیشت، دفاع اور خارجہ پالیسی کو تباہ کر دیا ہے۔ یہ حکومت ملک کو تباہی کی طرف لے جارہی ہے۔

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متعدد دعوؤں پر حکومت کی خاموشی پر بھی سخت سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ اصل سوال یہ ہے کہ ٹرمپ نے تقریباً 30 سے 32 بار دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے جنگ بندی کروائی۔

 انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کے 5 لڑاکا طیارے گرائے گئے۔ اب ٹرمپ کہتے ہیں کہ وہ 25 فیصد ٹیرف بھی عائد کریں گے، مگر سوال یہ ہے کہ وزیراعظم مودی اس پر جواب کیوں نہیں دے پا رہے؟ اصل وجہ کیا ہے؟ کن کے ہاتھ میں اختیار ہے؟

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے