بینائی کی بحالی: نور سعودی والنٹیئر پروگرام 2025 کے تحت KSrelief کے پاکستان بھر میں فری آئی کیمپس کا کامیاب انعقاد

اسلام آباد: شاہ سلمان ہیومنیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (KSrelief) نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں فری آئی کیمپوں کا ایک کامیاب سلسلہ مکمل کر لیا ہے، جو نور سعودی والنٹیئر پروگرام 2025 کے تحت منعقد کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد دور دراز اور کم وسائل رکھنے والے علاقوں میں بینائی سے متعلق امراض میں مبتلا افراد کو معیاری اور مفت طبی سہولیات فراہم کرنا تھا۔

یہ مہم الشفا البصر انٹرنیشنل فاؤنڈیشن اور کراچی کے المشیٰ الابرہیم آئی اسپتال کے اشتراک سے منعقد کی گئی، جس کے تحت سندھ، بلوچستان، پنجاب اور آزاد جموں و کشمیر کے شہری اور دیہی علاقوں میں کل 11 کیمپ لگائے گئے۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد قابل علاج امراض چشم کی بروقت تشخیص، مؤثر علاج اور بینائی کی بحالی کے ذریعے متاثرہ افراد کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا تھا۔

مہم کے دوران مجموعی طور پر 43,294 افراد کا معائنہ کیا گیا، جب کہ 4,484 مریضوں کی آنکھوں کی سرجری کی گئی، جن میں موتیے اور دیگر بینائی متاثر کرنے والے امراض کا علاج شامل تھا۔ اس کے علاوہ 11,050 نظر کے چشمے مفت فراہم کیے گئے اور مریضوں کو موقع پر ہی ضروری ادویات بھی دی گئیں۔

یہ کیمپ کراچی، ماتلی، کندیارو، شکارپور، حیدرآباد، نصیرآباد، خاران، خضدار، جہلم اور راولا کوٹ جیسے مقامات پر منعقد کیے گئے تاکہ ان علاقوں میں رہنے والے افراد کو فائدہ پہنچایا جا سکے جہاں عموماً ماہر امراض چشم کی سہولتیں دستیاب نہیں ہوتیں۔

یہ مہم مملکت سعودی عرب کی عالمی سطح پر صحت عامہ کے فروغ اور قابلِ علاج اندھے پن کے خاتمے کے لیے پائیدار عزم کی عکاس ہے۔ KSrelief کے اس اقدام سے ہزاروں افراد کو نہ صرف مفت طبی امداد ملی بلکہ انہیں نئی امید بھی فراہم ہوئی۔

نور سعودی والنٹیئر پروگرام سعودی عرب کے طبی شعبے میں عالمی کردار کا مظہر ہے، جو ہمدردی، حکمت عملی اور دور اندیشی کے ساتھ عوامی صحت کے مسائل کا حل پیش کر رہا ہے اور عالمی سطح پر فلاح انسانیت کے مشن کو آگے بڑھا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے