عالمی تیل سستا، پاکستان میں قیمتیں برقرار
اسلام آباد: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے مہنگائی کے ستائے عوام پر مزید بوجھ پڑ رہا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 12 روز کے دوران ڈیزل 65 روپے 8 پیسے جبکہ پیٹرول 25 روپے 1 پیسہ فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے۔17 جولائی کو ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 323 روپے 3 پیسے اور پیٹرول 310 روپے 71 پیسے تھی۔ اسی روز وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کرنے کا نیا نظام متعارف کرایا۔29 جولائی تک پیٹرول کی قیمت بڑھ کر 335 روپے 81 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل 388 روپے 38 پیسے فی لیٹر تک پہنچ چکا ہے۔اس عرصے کے دوران پیٹرول کی قیمت میں صرف دو مرتبہ معمولی کمی کی گئی۔ 21 جولائی کو پیٹرول 35 پیسے اور 27 جولائی کو ایک روپے فی لیٹر سستا کیا گیا، جبکہ 17 جولائی کے بعد ڈیزل کی قیمت میں ایک بار بھی کمی نہیں کی گئی۔عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی قیمتوں پر عوام کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں