آئی ایم ایف مشن پاکستان پہنچ گیا
اسلام آباد: ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلیٹی پروگرام کی اگلی قسط کے لیے اقتصادی جائزہ مذاکرات کے سلسلے میں آئی ایم ایف کا مشن پاکستان پہنچ گیا ہے، جبکہ جائزہ مشن نے اسٹیٹ بینک حکام کے ساتھ مذاکرات کا آغاز بھی کردیا ہے۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف جائزہ مشن نے کراچی میں اسٹیٹ بینک حکام سے ملاقات کی، جہاں پہلے مرحلے میں تکنیکی مذاکرات کیے گئے۔ اس دوران پاکستان کی معاشی کارکردگی سمیت مختلف اہم مالیاتی اور اقتصادی امور کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک حکام نے آئی ایم ایف مشن کو ملکی معاشی کارکردگی، زرمبادلہ کے ذخائر، مانیٹری پالیسی، درآمدات اور فارن ایکسچینج کی صورتحال پر بریفنگ دی۔مذاکرات کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان نے زرمبادلہ کے ذخائر 17 ارب ڈالر سے زائد رکھنے کا ہدف حاصل کرلیا ہے، جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سے متعلق امور پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد کو براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافے سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ یورو بانڈ کے کامیاب اجرا اور بیرونی ذرائع سے حاصل ہونے والی رقوم کے حوالے سے بھی مشن کو آگاہ کیا گیا۔آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام کے درمیان جاری اقتصادی جائزہ مذاکرات میں پروگرام کے تحت مقررہ اہداف اور معاشی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد اگلی قسط کے اجرا سے متعلق پیش رفت متوقع ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں