خاتون پولیو ورکر سے زیادتی، گھر میں لوٹ مار
پاکستان میں پولیو ورکرز اور ان کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملوں کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں لیکن حال ہی میں ایک ایسا واقعہ رونما ہوا ہے جس نے پولیو مہم میں شریک ورکرز کی تشویش بڑھا دی ہے۔
صوبہ سندھ کے شہر جیکب آباد میں خاتون پولیو ورکر سے مبینہ زیادتی اور اس کے گھر میں لوٹ مارکا واقعہ سامنے آیا ہے، یہ واقعہ ایسے موقع پر ہوا جب ملک میں انسداد پولیو کی مہم چل رہی ہے ۔
ڈپٹی کمشنر ظہور مری اور ایس ایس پی سُمیر نور چنہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ جیکب آباد کے گاؤں اللہ بخش جاکھرانی میں خاتون پولیو ورکر سے مبینہ زیادتی اور لوٹ مار کی گئی ۔ افسوسناک واقعہ کامرکزی ملزم اسلحے سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے اور خاتون پولیو ورکز کے ڈی این اے نمونے جامشورو منتقل کر دیے ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ خاتون کے پہلے بیان کے مطابق ڈکیتی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، اسی مقدمے میں زیادتی کی دفعہ شامل کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ قبائلی معاشرے کے باعث خاتون پہلے گھبرا گئی تھی، عدالت میں خاتون نے زیادتی کا بیان دیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں