اسمبلی کے تقدس پر حملہ ناقابل برداشت، قائم مقام سپیکر پنجاب

قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر اقبال چنڑ نے ایوان میں بدتمیزی اور اپوزیشن ارکان کو دی جانے والی دھمکیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ ایوان میں نظم و ضبط کے لیے حکومتی و اپوزیشن اراکین نے باہمی اتفاق کیا تھا اور ایوان میں بدتمیزی نہ کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا۔ تاہم سپیکر کی رولنگ کے باوجود ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، جو ایوان کے تقدس کے خلاف ہے۔ ایک رکن کا دوسرے پر حملہ کرنا ناقابل قبول ہے، کیونکہ پنجاب اسمبلی 12 کروڑ عوام کی نمائندہ ہے اور اس کے وقار کو ہر حال میں برقرار رکھنا ضروری ہے۔

ظہیر اقبال چنڑ نے ایوان کو ’مچھلی بازار‘ میں تبدیل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر کی رولنگ کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ میں ملوث رکن کی معطلی آئین اور اسمبلی رولز کے مطابق کی گئی ہے، جبکہ ایوان کے باہر اپوزیشن اراکین کو نان ممبرز کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کو بھی ناقابل قبول قرار دیا۔انہوں نے دھمکی آمیز رویے کی مکمل انکوائری کا حکم اسمبلی سیکریٹریٹ کو دے دیا ہے۔

ظہیر اقبال چنڑ کا کہنا تھا کہ پہلے تو اسمبلی میں لڑائی نہیں ہونی چاہیے، لیکن اگر ایسا ہو بھی جائے تو باہر کے افراد کی مداخلت بالکل ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں ملوث افراد کی شناخت ہو چکی ہے اور ایوان کے تقدس کو پامال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے