9 مئی کو ہمارے خلاف سازش کی گئی، علی امین کا اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں  کا اعتراف

وزیراعلیٰ  خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ میں ایک آفیشل پوزیشن پر ہوں، میرے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ہوتے ہیں، بات چیت ہوتی رہتی ہے لیکن ابھی تک کچھ ٹھوس چیز  سامنے نہیں آئی ۔

تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے نظریے پر ڈٹے ہوئے ہیں، نظریہ قید نہیں ہو سکتا۔ملکی معیشت پر عمران خان کو تشویش ہے، وہ ملک کیلئے بات کرنے کو تیار ہیں، کمیٹی بھی بنائی، ہم بانی پی ٹی آئی کے فیصلے کے پابند ہیں، اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان کروں گا، نہ کر سکا تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ  بات چیت کے ٹی او آرز تو ہونے چاہئیں، اپنے تحفظات ایک دوسرے کے سامنے رکھیں گے، تحفظات پر بات ہو گی تو مسئلہ حل ہو گا، میں ایک آفیشل پوزیشن پر ہوں، میرے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ہوتے ہیں، بات چیت ہوتی رہتی ہے لیکن ابھی تک کوئی ٹھوس چیز بن کر نہیں نکلی۔حکومت کہتی ہے ہم سے مذاکرات کرو لیکن ہم کہتے ہیں کہ تم تو حکومت ہو ہی نہیں، جب ان سے بات کریں گے تو ہم بھی اپنے شہیدوں کو نہیں بھولیں گے، کے پی کے سے ہمیشہ بریک تھرو ہوا ہے آگے بھی ہوگا۔

وزیراعلیٰ  خیبر پختونخوا نے  مزید کہا کہ جس کی غلطی ہے اسے اپنی غلطی ماننا پڑے گی، ہم 9 مئی کے واقعات کے ذمہ دار نہیں، 9 مئی کو ہمارے خلاف سازش کی گئی، غلطی ثابت ہوئی تو معافی مانگنے کو تیار ہوں گے، پہلے غلطی ثابت بھی تو کی جائے، غلطی آپ کی ہو اور کہا جائے معافی مانگی جائے ایسا نہیں ہوسکتا۔

9 مئی کو ہمارے خلاف سازش کی گئی، علی امین کا اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں  کا اعتراف

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے