ناسا کا نیا تجرباتی طیارہ X-70 Fractal، پرواز کے نئے تجربات کی تیاری
امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا نے نئے تجرباتی طیارے X-70 Fractal کا اعلان کردیا ہے، جس کے ذریعے انسانی پائلٹ کے ساتھ پرواز کے دوران طیارے کی نقل و حرکت اور سمت تبدیل کرنے کی جدید صلاحیتوں کا تجربہ کیا جائے گا۔ناسا کے مطابق یہ طیارہ جدید فلائٹ کنٹرول ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا، جس کی مدد سے محققین ایسی فضائی حرکات اور صلاحیتوں کا جائزہ لے سکیں گے جن کا مظاہرہ اس سے قبل انسانی پائلٹ کے ساتھ پرواز میں نہیں کیا گیا۔ناسا کے منتظم جیرڈ آئزک مین نے بتایا کہ یہ طیارہ جدید فلائٹ کنٹرول نظام اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کو حقیقی فضائی حالات میں آزمانے کے لیے ایک اہم تحقیقی پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔یہ تجرباتی طیارہ اپنے اندرونی اور بیرونی حصوں میں مجموعی طور پر 2 ہزار پاؤنڈ، یعنی تقریباً 907 کلوگرام تک کے تجرباتی آلات اور تحقیقی سامان لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے مختلف نوعیت کے فضائی تجربات ممکن ہوسکیں گے۔جیرڈ آئزک مین کے مطابق طیارے کا ماڈیولر ڈیزائن اور اس کے اندرونی و بیرونی آلات کو تیزی سے تبدیل کرنے کی صلاحیت تحقیقی ٹیموں کو مسلسل پروازیں کرنے، تجربات سے نتائج حاصل کرنے اور ایک تجربے کے بعد فوری طور پر دوسرے تجربے کی جانب بڑھنے میں مدد دے گی۔ناسا کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق X-70 Fractal کا وزنِ پرواز تقریباً 10 ہزار پاؤنڈ ہوگا، جبکہ اسے 45 ہزار فٹ کی بلندی تک پرواز اور 0.75 میک کی رفتار سے سفر کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کی متوقع پروازی حدود تقریباً 1726 میل سے زیادہ بتائی گئی ہیں۔ناسا کو توقع ہے کہ یہ طیارہ آئندہ دو سال کے اندر ادارے کے زیرِ انتظام اپنی پہلی پرواز کرے گا۔ اس منصوبے کا مقصد جدید فضائی ٹیکنالوجی کی تیاری اور تجرباتی پروازوں کے ذریعے مستقبل کے طیاروں کی صلاحیتوں کو آگے بڑھانا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں