ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کا 12.3 ملین ڈالر کا جرمانہ ادا
ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق پر بدعنوانی کے مقدمے میں عائد 5 کروڑ ملائیشین رنگٹ، یعنی تقریباً ایک کروڑ 23 لاکھ امریکی ڈالر کا جرمانہ ادا کردیا گیا ہے۔ یہ ادائیگی شاہی معافی کے تحت عائد شرائط میں شامل تھی، جس کے بعد انہیں باقی سزا گھر میں نظر بندی کے دوران گزارنے کی اجازت ملنے کا راستہ ہموار ہوگیا ہے۔اہم بات یہ ہے کہ جرمانے کی رقم نجیب رزاق نے ذاتی طور پر ادا نہیں کی بلکہ ان کی سیاسی جماعت یونائیٹڈ ملائیز نیشنل آرگنائزیشن (UMNO) نے چندہ جمع کرکے یہ رقم ملائیشیا کی عدالت میں جمع کرائی۔ملائیشیا کے بادشاہ سلطان ابراہیم نے 18 ستمبر 2026 کو نجیب رزاق کو مشروط شاہی معافی دی تھی۔ اس کے تحت انہیں اپنی باقی ماندہ چھ سالہ قید کی سزا گھر میں نظر بندی کے دوران گزارنے کی اجازت دی گئی تھی۔اس رعایت سے فائدہ اٹھانے کے لیے 5 کروڑ ملائیشین رنگٹ جرمانہ ادا کرنا اور شاہی معافی کی دیگر شرائط پوری کرنا ضروری تھا۔ معافی کے تحت نجیب رزاق کی متوقع رہائی کی تاریخ 23 اگست 2028 مقرر کی گئی تھی۔نجیب رزاق کی جماعت UMNO نے ان کی مالی مدد کے لیے ستمبر میں خصوصی فنڈ قائم کیا تھا، جس میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور دیگر افراد سے چندہ جمع کیا گیا۔ اسی فنڈ کے ذریعے جرمانے کی رقم ادا کی گئی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں