ترک پارلیمنٹ کی پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مکہ دفاعی معاہدے کی توثیق
انقرہ: ترکیہ کی پارلیمنٹ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کردی ہے۔ پارلیمانی ووٹنگ میں معاہدے کے حق میں 279 جبکہ مخالفت میں 119 ووٹ ڈالے گئے۔ترک میڈیا کے مطابق 600 رکنی پارلیمنٹ کے مجموعی طور پر 398 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ لیا، جس کے بعد معاہدے کو پارلیمانی منظوری حاصل ہوگئی۔ترک پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ یہ اتحاد مکمل طور پر دفاعی نوعیت کا ہے اور اس کا مقصد کسی دوسرے ملک کے خلاف جارحانہ کارروائی کرنا نہیں ہے۔حکمران جماعت جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے رکن ضیا آلتونیالدز نے بھی کہا کہ معاہدے کا بنیادی مقصد خطے میں سکیورٹی تعاون کو فروغ دینا ہے۔پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے 7 اگست کو مکہ مکرمہ میں اس مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ دستخط کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان شریک تھے۔ترک پارلیمنٹ کی جانب سے توثیق کے بعد معاہدے پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ قانونی اور انتظامی مراحل اہمیت اختیار کرگئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں