چوہدری سالک کو پنجاب حکومت کا لیگل نوٹس موصول، جلد جواب دوں گا
پنجاب میں کرپشن کے الزامات کے معاملے پر وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے صوبائی حکومت کی جانب سے قانونی نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد اس کا جواب دیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ شفافیت بند کمروں کے پیچھے نہیں ہونی چاہیے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں چوہدری سالک حسین نے کہا کہ وہ جلد جواب دیں گے اور شفافیت کے معاملات بند کمروں تک محدود نہیں ہونے چاہئیں۔اس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے قانونی نوٹس ملنے کے بعد وہ اپنا جواب دیں گے۔ انہوں نے پنجاب حکومت میں بدعنوانی کے الزامات سے متعلق اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدالت میں نوٹس کا مکمل اور بھرپور جواب دیں گے۔چوہدری سالک حسین نے ڈی سی گجرات کی تعیناتی سے متعلق الزام کو من گھڑت قرار دیا اور واضح کیا کہ پنجاب میں کرپشن کے حوالے سے ان کی بات ذاتی بیان ہے۔انہوں نے مسلم لیگ (ق) کی جانب سے حکومت سے علیحدگی کے امکان کو بھی مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال اتنا ہی کافی ہے کہ وہ قانونی نوٹس کا جواب دیں گے۔دوسری جانب چوہدری سالک حسین کے بیان پر چوہدری شافع نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پنجاب حکومت کا نام نہیں لیا تھا بلکہ ان کا اشارہ نظام میں موجود بدعنوانی کی جانب تھا۔ چوہدری شافع کے مطابق ممکن ہے چوہدری سالک کے پاس کچھ ایسی معلومات ہوں جن سے وہ آگاہ نہ ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنے چھوٹے بھائی سے کبھی فاصلہ اختیار کیا ہے اور نہ آئندہ کریں گے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں