پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا: مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کشمیر یومِ سیاہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو سلام پیش کیا ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ 27 اکتوبر کو مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے قبضے کا اقدام تاریخِ عالم کا سیاہ باب ہے۔ ان کے بقول 27 اکتوبر کے اس سیاہ باب کی سیاہی بھارتی قیادت کے چہرے پر نمایاں ہو رہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اب کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ پوری عالمی برادری کا مسئلہ بن چکا ہے۔ پاکستان ہمیشہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔مریم نواز نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں اور دونوں کو کوئی جدا نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے امید ظاہر کی کہ لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی روشن صبح طلوع ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی سطح پر کشمیری عوام کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کرتا رہے گا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے