گلوکار دلیر مہدی کی تذلیل معاملہ شدت اختیار کر گیا میکا سنگھ میدان میں آ گئے
بھارتی گلوکار میکا سنگھ نے اتراکھنڈ کے وزیر سبودھ انیال کو چیلنج کیا ہے کہ وہ ان کے بڑے بھائی اور معروف گلوکار دلیر مہندی کو 35 لاکھ روپے ادائیگی کا ثبوت عوام کے سامنے پیش کریں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکا سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وزیر سبودھ انیال کے دعوے پر سوال اٹھاتے ہوئے مبینہ ادائیگی کی دستاویزات اور رسیدیں شیئر کرنے کا مطالبہ کیا۔میکا سنگھ نے اپنی پوسٹ میں سوال کیا کہ 35 لاکھ روپے نقد ادا کیے گئے تھے یا چیک کے ذریعے؟ انہوں نے وزیر سے کہا کہ اگر ان کے پاس ادائیگی کی رسیدیں موجود ہیں تو انہیں عوام کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ حقیقت واضح ہوسکے۔یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب اتراکھنڈ کے وزیر سبودھ انیال نے نوراتری کی تقریب میں دلیر مہندی کی پرفارمنس پر اعتراض اٹھایا۔ وزیر نے الزام لگایا کہ گلوکار نے لائیو گانے کے بجائے لپ سنکنگ کی، یعنی ریکارڈ شدہ آواز پر گانے کی ادائیگی کی۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سبودھ انیال نے بتایا کہ تقریب کے منتظمین نے دلیر مہندی کو موسیقی کی صنعت میں ان کی شہرت اور مقبولیت کے باعث مدعو کیا تھا۔وزیر کے دعوے کے مطابق دلیر مہندی کو پرفارمنس کے لیے 35 لاکھ روپے ادا کیے گئے، تاہم ان کی پیشکش توقعات پر پوری نہیں اتری۔ سبودھ انیال کا کہنا تھا کہ مقامی نمائندے اور تقریب کی انتظامی کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے انہیں پرفارمنس کے حوالے سے عوامی تحفظات دور کرنے کے لیے دباؤ کا سامنا ہے۔دوسری جانب میکا سنگھ نے اپنے بھائی کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے ان پر ہونے والی تنقید کو مسترد کردیا ہے۔ میکا سنگھ کی جانب سے ادائیگی کے ثبوت کا مطالبہ سامنے آنے کے بعد تنازع نے مزید توجہ حاصل کرلی ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں