پنجاب میں 20 کلو آٹے کا تھیلا بند، صرف 10 کلو بیگ فروخت کرنے کا فیصلہ
لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں آٹے کی فراہمی سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے 20 کلو آٹے کا تھیلا بند کرنے اور مارکیٹ میں صرف 10 کلو آٹے کا بیگ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گندم اور آٹے کی سمگلنگ روکنے کے لیے بین الصوبائی سرحدوں کی کڑی نگرانی کا حکم بھی دے دیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے متعلقہ اضلاع میں گندم کی بوائی کے مقررہ اہداف پورے کرنے اور سرکاری اراضی پر گندم کی کاشت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے فیصلہ کیا کہ نمبردار، گھوڑی پال اسکیم اور ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ اسکیم کے تحت آنے والی تمام اراضی پر گندم ہی کاشت کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے رمضان المبارک کے دوران کیلا، سیب اور کھجور کنٹرول نرخوں پر دستیاب رکھنے کے لیے بھی ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ڈپٹی کمشنر اپنے علاقے میں کولڈ اسٹوریج کی گنجائش اور ضروریات کے مطابق ان پھلوں کا ذخیرہ یقینی بنائے گا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کو سبزیوں، دالوں اور دیگر اجناس سمیت 15 اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا۔اجلاس میں پنجاب میں پہلی مرتبہ ’’ٹرانسفارمنگ مارکیٹ ویسٹ ان ٹو ویلتھ‘‘ منصوبہ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ پامرا کے تحت آف سیزن سبزیوں اور پھلوں کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ڈی ہائیڈریشن منصوبے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس کے دوران کاہنہ میں سبزیوں اور پھلوں کے لیے پنجاب کے پہلے منڈی مارٹ منصوبے پر کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں منڈی مارٹس قائم کرنے کے لیے بھی ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے کھلے دودھ کی فروخت کو ضابطوں کے تحت لانے اور اس حوالے سے مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ حکومتی اقدامات کا مقصد اشیائے خورونوش کی دستیابی بہتر بنانا، قیمتوں میں استحکام لانا، زرعی پیداوار بڑھانا اور غذائی اجناس کی غیر قانونی نقل و حمل روکنے کے انتظامات کو مؤثر بنانا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں