مقبوضہ بیت المقدس میں کولمبیا کے سفارتخانے پر پاکستان سمیت اسلامی ممالک کا احتجاج

پاکستان سمیت متعدد اسلامی ممالک نے مقبوضہ بیت المقدس میں کولمبیا کی جانب سے سفارتخانہ کھولنے کے فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کولمبیا کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے اس فیصلے پر نظرثانی کرے اور اسے واپس لے۔مشترکہ بیان میں پاکستان، مصر، فلسطین، ترکیہ، جبوتی، لبنان، لیبیا، یمن، قطر، اردن، صومالیہ، ملائیشیا، سعودی عرب، الجزائر، عمان، شام اور سوڈان کے وزرائے خارجہ نے کولمبیا کے اس اقدام کو مسترد کیا۔وزرائے خارجہ نے کہا کہ یہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی اور دو ریاستی حل پر مبنی امن کوششوں کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔مشترکہ بیان میں اس مؤقف کی توثیق کی گئی کہ مقبوضہ بیت المقدس کی قانونی یا تاریخی حیثیت تبدیل کرنے اور اسے اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے لیے کیا جانے والا کوئی بھی اقدام غیر قانونی ہے اور اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔بیان میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں 476 اور 478 (1980ء) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ قراردادیں بیت المقدس کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتی ہیں اور متعلقہ سفارتی مشنز کو شہر سے واپس منتقل کرنے کا مطالبہ کرتی ہیں۔وزرائے خارجہ نے کولمبیا کی حکومت پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کرے اور ایسے اقدامات سے گریز کرے جو فلسطینی عوام کے جائز حقوق کو متاثر کریں۔مشترکہ بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ فلسطینی عوام کو مشرقی بیت المقدس کو دارالحکومت بنا کر ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست قائم کرنے کا حق حاصل ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے