پنجاب اے آئی دور میں، خیبرپختونخوا پتھر کے دور میں ہے، مریم نواز

ساہیوال: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آج پنجاب مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے دور میں داخل ہو رہا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا پتھر کے دور میں ہے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ عوام کو شعور دینے کے دعوے کرتے تھے، انہوں نے عوام کی زندگیاں تباہ کر دیں، جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت کسی نے ختم نہیں کی بلکہ اس نے خود اپنی حکومت ختم کی۔ساہیوال میں طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ پہلا لانگ مارچ ہے جو اپنی ہی حکومت کے خاتمے پر ختم ہوا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا کبھی ایسا دیکھا گیا ہے کہ ایک صوبہ دوسرے صوبے یا وفاق پر حملہ آور ہو جائے؟ ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا لانگ مارچ ہے جس نے اپنی ہی حکومت کو نقصان پہنچایا، اب خیبرپختونخوا کے عوام کو معلوم ہوگا کہ ترقی کسے کہتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ خدمت کا جذبہ لے کر گھر سے نکلی ہیں اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا۔ ان کے مطابق کراچی سے آنے والے بعض افسران نے پنجاب کے مختلف محکموں میں عوامی خدمت پر توجہ کا مشاہدہ کیا، جبکہ دوسرے صوبوں سے آنے والے افراد بھی پنجاب کی تعریف کرتے ہیں۔مریم نواز نے صوبے میں ٹرانسپورٹ کے منصوبوں سے متعلق بتایا کہ پنجاب میں 3 ہزار الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی اور ان کا کرایہ 20 روپے برقرار ہے۔ ان کے مطابق صوبے کی تمام تحصیلوں میں الیکٹرک بسیں چلانے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں شاید ہی کوئی ایسا منصوبہ ہو جس میں نوجوانوں کو شامل نہ کیا گیا ہو۔طلبہ کو فراہم کی جانے والی الیکٹرک موٹرسائیکلوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی ماہانہ قسط 3 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے تاکہ طلبہ اور ان کے خاندانوں پر مالی بوجھ نہ پڑے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مصنوعی ذہانت کی لیبارٹریاں قائم کی جا رہی ہیں اور صوبے کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ جب انہوں نے وزارتِ اعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالی تو انہیں معلوم ہوا کہ 80 فیصد جامعات میں وائس چانسلر تعینات نہیں تھے، تاہم اب ہر یونیورسٹی میں میرٹ کی بنیاد پر وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے میرٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے اپنے گھر سے بھی کسی کی سفارش آئے تو وہ اسے قبول نہیں کرتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں حکومت خود چل کر عوام کے پاس جاتی ہے اور ان کا مشن صوبے کے ہر شہری کو اس کی دہلیز پر سہولت فراہم کرنا ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب میں ادویات مریضوں کے گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کو علاج معالجے کی سہولت کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے